انتخابات پر یوتھ کارکنوں سے اظہار تشکر ، نریندر مودی اور کے سی آر پر سخت تنقیدیں
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نو منتخب صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس مسٹر انیل کمار یادو 23 ستمبر کو ریالی میں گاندھی بھون پہونچکر پارٹی کے سینئیر قائدین کی موجودگی میں اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لیں گے ۔ مسٹر انیل کمار یادو نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ووٹ دے کر کامیاب بنانے والے تمام یوتھ کانگریس قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد گروپ بندیاں ختم ہوگئی ہیں ۔ ان کے خلاف مقابلہ کرنے اور ووٹ دینے والے تمام یوتھ کانگریس قائدین کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ پارٹی کو استحکام کرنے کے لیے تمام یوتھ کانگریس قائدین کے ساتھ متحدہ طور پر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ 23 ستمبر کو گاندھی بھون میں پارٹی کے تمام سینئیر قائدین بشمول آل انڈیا یوتھ کانگریس قائدین کی موجودگی میں اپنی نئی ذمہ داریاں قبول کریں گے ۔ مسٹر انیل کمار یادو نے مرکزی این ڈی اے اور ریاستی ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر نے انتخابی مہم کے دوران بلند بانگ دعوے کئے ۔ ہتھیلی میں جنت دکھائی اقتدار حاصل ہونے کے بعد دونوں قائدین نے اپنے اپنے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام سے کئے گئے وعدوں میں کوئی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ ریاستی و مرکزی حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ دیڑھ سال میں دونوں حکومتیں عوام کے اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں ۔ عوام مسائل سے دوچار ہیں ۔ کسان خود کشی پر مجبور ہیں ۔ وہ اپنی نئی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی جانب سے حکومتوں کے خلاف دئیے جانے والے پروگرامس کو کامیاب بنانے میں یوتھ کانگریس کی جانب سے اہم رول ادا کریں گے ۔ مسٹر انیل کمار یادو نے کہا کہ یوتھ کانگریس انتخابات کے بعد کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ملک کے 40 یوتھ کانگریس کے اہم قائدین کو دہلی طلب کرتے ہوئے ملک کی تازہ سیاسی صورتحال ، عوامی مسائل اور کانگریس کے رول پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ راہول گاندھی کے بتائے راستے پر چلتے ہوئے پارٹی کے استحکام اور عوامی مسائل کے خلاف یوتھ کانگریس کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔۔