ٹکٹوں کی تقسیم میں حقیقی کارکنوں سے نا انصافی ، پی گووردھن ریڈی کانگریس رکن راجیہ سبھا
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر پی گووردھن ریڈی نے مسٹر پنالہ لکشمیا پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت خریدنے اور ٹکٹس فروخت کرتے ہوئے نوٹ بنانے کا الزام عائد کیا ۔ سینئیر کانگریس قائد مسٹر پی گووردھن ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں حقیقی کارکنوں سے نا انصافی ہوئی ہے وہ اس کی کانگریس قیادت سے شکایت کرچکے ہیں ۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف بھی نہیں ہوپایا ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے بھاری رقم لٹاتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت حاصل کی ہے اور دولت بٹورنے کے لیے کانگریس کے ٹکٹوں کو فروخت کرچکے ہیں ۔ مثال کے طور پر کانگریس اور سی پی آئی اتحاد میں اسمبلی حلقہ مہیشورم سی پی آئی کے لیے چھوڑ دیا گیا تاہم صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے مال ریڈی رنگاریڈی سے 5 کروڑ روپئے حاصل کرتے ہوئے ٹکٹ فروخت کردیا ہے ۔ جو کانگریس پالیسی کے مغائر ہے اور اتحاد کے لیے دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنانے کی کوشش کی تھی اور کافی حد تک کامیاب بھی ہوگئے تھے ۔ تاہم لمحے آخر میں پنالہ لکشمیا نے دولت بچھاتے ہوئے پردیش کانگریس کی صدارت حاصل کرلی ۔ اسمبلی حلقہ مہیشورم میں سی پی آئی سے اتحاد توڑنے کی وہ کانگریس ہائی کمان سے شکایت کرچکے ہیں ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے ان سے رابطہ پیدا کیا ہے اور تحریری طور پر بھی جواب دیا ہے ۔ انتخابات کی تکمیل کے بعد وہ تمام مکتوبات منظر عام پر لائیں گے ۔۔