صدر تلنگانہ پی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ عبداللہ سہیل کا سہ روزہ دورہ اضلاع

کل عادل آباد اور نرمل روانگی، اقلیتی قائدین کی پارٹی میں علحدہ شناخت بنانے کی کوشش
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے اپنے تین روزہ 3 تا 5 نومبر تک اضلاع کے دورے کا شیڈول جاری کیا ہے۔ اضلاع میں کانگریس کے اقلیتی قائدین کا جائزہ اجلاس طلب کرنے کے ساتھ انتخابی مہم کو بھی قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد ہونے کے بعد صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید کی موجودگی میں نئی ذمہ داری قبول کرنے والے شیخ عبداللہ سہیل نے اندرون ایک ہفتہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے 2 احتجاجی پروگرامس کا ساری ریاست میں اہتمام کرایا۔ اضلاع کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹس کے صدور نے ان احتجاجی پروگرامس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے تک انتظار کرنے کے بجائے اسمبلی حلقہ کاروان میں پدیاترا کا آغاز کرتے ہوئے پرانے شہر میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ پھر اسمبلی حلقہ ملک پیٹ اور اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں بھی پدیاترا کیا۔ آج میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ریاست میں کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کو کارکردگی کی بنیاد پر بلندیوں تک لے جانے اور کانگریس کے اقلیتی قائدین کی پارٹی میں علحدہ پہچان بنانے کی کوشش کریں گے۔ اضلاع سے اقلیتی قیادت کو ابھارنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے مرحلے کے اضلاع کا دورہ 3 نومبرکو اضلاع عادل آباد اور نرمل سے شروع کریںگے۔ 4 نومبر کو اضلاع آرمور، بودھن اور نظام آباد کا دورہ کریں گے۔ 5نومبرکو اضلاع سدی پیٹ اور سنگاریڈی کا دورہ کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ حلقہ جات سدی پیٹ، ظہیرآباد، سنگاریڈی اور پٹن چیرو کا بھی احاطہ کرتے ہوئے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ اضلاع کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی کمیٹیاں طاقتور ہیں اور اچھا کام کررہی ہیں وہ ٹیم ورک کرنے پر ایقان رکھتے ہیں اور اضلاع سے بھی انہیں توقع کے مطابق تعاون حاصل ہورہا ہے۔