حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی صدر بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے کہاکہ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کے دورہ تلنگانہ سے کانگریس اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو پسینے چھوٹ رہے ہیں اور یہ دونوں ہی پارٹیاں قومی صدر بی جے پی کے دورہ سے خوف زدہ دکھائی دے رہی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں منعقد ہونے والے انتخابات کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی نے کہاکہ ٹی آر ایس کے تاڑی پتوں کے آوازوں سے بی جے پی ورکرس و قائدین گھبرانے والے نہیں ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے واضح طور پر کہاکہ تلنگانہ میں انتخابات میں بی جے پی تنہا مقابلہ کرے گی اور تلنگانہ کے 119 حلقہ جات اسمبلی سے کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اُتارا جائے گا تاکہ ٹی آر ایس ۔ مجلس اتحاد اور کانگریس، تلگودیشم، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی پر مشتمل عظیم اتحاد کو ناکام بنایا جاسکے۔ علاوہ ازیں خود تلنگانہ کے عوام مذکورہ پارٹیوں کو مسترد کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ میں بی جے پی کی کامیابی کے امکانات سے ڈر کر ہی ریاست میں مختلف سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے ملکر اتحاد کے ذریعہ مقابلہ کرنے کے اقدامات کررہی ہیں۔