صدر بی جے پی امیت شاہ جموں کے عوام کی خوشامد میں مصروف

کٹھوا (جموں و کشمیر) ۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج جموں کے عوام کی خوشامد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نہ صرف اس علاقہ کو انصاف حاصل کرنے میں مدد کرے گی بلکہ گزشتہ 60 سال سے حکومتیں جو ’’سوتیلی ماںکا سلوک‘‘ جاری رکھے ہوئے ہیں، اس کا خاتمہ بھی کرے گی۔ وہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ عمر عبداللہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ ریاست سے خاندانی حکومت کا خاتمہ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کا پیغام ریاست کے عوام کیلئے لائے ہیں جو چاہتے ہیں کہ ریاست میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو، اور یہ ریاست بھی تیز رفتار ترقی کے راستے پر باقی ملک کے ساتھ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60 سال سے علاقہ جموں کے عوام کو ناانصافی کا سامنا ہے۔ بی جے پی حکومت انہیں انصاف حاصل کرنے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حکومتیں اس علاقہ کے ساتھ ’’سوتیلی ماں جیسا سلوک‘‘ کرتے رہے ہیں۔ خاندانی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ،کانگریس سے پاک بھارت کیلئے جدوجہد کررہی ہے تاکہ جموں و کشمیر بھی کانگریس سے پاک ہوسکے۔ آپ کو ریاست کو عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سے نجات دلوانے کے لئے جدوجہد کرنا چاہئے۔ انہوں نے عمر عبداللہ حکومت پر امرناتھ کے یاتریوں کے لئے اجتماعی باورچی خانہ قائم کرنے کے واقعہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت اُن لوگوں کو بھی انصاف دلائے گی جو 1962ء، 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں مصائب برداشت کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پر پاکستان کی مسلسل شلباری کا بی جے پی حکومت منہ توڑ جواب دے گی۔ علاقہ کے عوام سے ربط پیدا کرتے ہوئے جہاں ریاستی اسمبلی کی 87 میں سے 37 نشستیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لئے اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی ترقی کے قدم سے قدم ملا کر چلیں اور ایسا کرنے میں ہم ان کی مدد کریں گے۔ مودی حکومت کے بڑے کارناموں کی جو گزشتہ تین ماہ کے اندر انجام دیئے گئے ہیں، تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 60 مہینوں میں بھی حکومت 60 کارنامے انجام نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں بی جے پی حکومت ہوتی تو ریاست کو بڑے پیمانے پر فائدہ پہونچتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ریاست میں ’’مشن۔ 44‘‘ اپنی حکومت قائم کرنے کے لئے قطعی اکثریت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پر اعتماد رکھیں جو تیز رفتار ترقی جموں و کشمیر کے لئے یقینی بنائے گی۔ سابق رکن پارلیمان ادھم پور لوک سبھا بھی بی جے پی کے جلسہ عام میں شریک تھے۔ امیت شاہ نے ان کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل صحیح مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہم منصوبوں کو انکشاف نہیں کریں گے جن کے ذریعہ ریاست میں حکومت قائم کی جاسکتی ہے لیکن آپ کو دِل چھوٹا نہیں کرنا چاہئے کیونکہ عمر عبداللہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور بی جے پی جموں اور کشمیر میں اپنی حکومت قائم کرے گی۔