بوجمبورا۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برونڈی کے صدر پیئر کرون زیزا ایک علاقائی چوٹی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے جو تنزانیہ میں منعقد کی جارہی ہیں اور جو ان کے ملک میں بحران پر توجہ مرکوز کرے گی۔ ان کے ترجمان گیروائز اَباہیرو نے کہا کہ صدر دارالسلام نہیں جائیں گے، وہاں ان کی نمائندگی وزیر خارجہ کریں گے، کیونکہ وہ انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں، اس لئے انہوں نے اپنے وزیر کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سربراہان مملکت روانڈا، یوگینڈا، تنزانیہ اور کینیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ وہ انتخابی مہم میں مصروف ہیں ، اس لئے انہوں نے چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ایک وفد روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ گزشتہ دو میعادوں سے ملک کے صدر ہیں اور تیسری میعاد کیلئے مقابلہ کررہے ہیں۔ پہلی بحران چوٹی کانفرنس 13 مئی کو منعقد کی گئی تھی جو تنزانیہ میں ہوئی تھی۔