شام میں 6 سال سے جاری جنگ کے پس منظر میں دورہ اہمیت کا حامل
ماسکو ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر روس ولادیمیر پوٹن نے آج ایران کے اپنے ہم منصب حسن روحانی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں زبردست میزبانی کے فرائض انجام دیئے اور ان کی بات چیت میں شام کا موضوع چھایا رہا۔ دونوں قائدین نے شام میں کئے جانے والے آئندہ سماعت پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر روحانی کا پہلا سرکاری دورہ روس ہے۔ شام میں 6 سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کی راہ تلاش کرنے کیلئے یہ دورہ اہمیت کا حامل نظر آتا ہے۔ امن مذاکرات میں امریکہ کی اثر پذیری کو کم کرتے ہوئے شام میں حالات بحال کرنے پر توجہ دی گئی۔ اپنی ملاقات کی شروعات میں ہی صدر پوٹن نے حسن روحانی سے کہا کہ ماسکو اور تہران مل کر تمام محاذوں پر نہایت ہی مؤثر کام کریں گے۔ ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام گسمی نے روحانی کے دورہ سے قبل کہا کہ دونوں قائدین علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے خاص کر شام کے بحران کو حل کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی قدم اٹھائیں گے۔