صدر امریکہ اوباما کا دورۂ لاؤس

واشنگٹن ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)صدر امریکہ براک اوباما چہارشنبہ کو لاؤس میں ایک ایسے ادارہ ٔبہبود کا دورہ کرر ہے ہیں جہاں ان افراد کی دیکھ بھال کی جاتی ہے جو ویتنام جنگ کے دوران امریکی بمباری کا نشانہ بنے تھے۔ یہ کسی بھی امریکی صدر کا لاؤس کا اولین دورہ ہے۔ اوباما متاثرین سے بھی ملیں گے۔ 1960ء کی ویتنام جنگ میں امریکہ نے لاؤس پر لاکھوں بم گرائے تھے، جن میں کئی لاکھ بم پھٹے نہیں تھے۔ ان پھٹے بم کئی دہوںسے ہزاروں افراد کی جان لے چکے ہیں۔ اوباما نے ان پھٹے بموں کی صفائی کیلئے آئندہ تین برس تک 90 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
شامی فوج پر حلب میں کلورین سے بھرے بم گرانے کا الزام
طرابلس۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں سرکاری افواج پر حلب کے مضافات میں کلورین سے بھرے بیارل بم گرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔شام میں موجود امدادی کارکنوں کے مطابق سرکاری افواج نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ ایسے بم گرائے جس سے کم ازکم 80 افراد زخمی ہوئے ہیں۔علاقے میں سرگرم رضاکاروں نے کہا کہ سکاری علاقے میں بیارل بم گرنے کے بعد لوگ گھٹن کا شکار ہوگئے۔ اس رپورٹ کی ابھی تک آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔اس سے قبل اگست کے مہینے میں اقوام متحدہ کی ایک تفتیش میں پتہ چلا تھا کہ حکومت نے کم از کم دو جگہوں پر کلورین کا استعمال کیا تھا تاہم شام کی حکومت اس بات سے انکار کرتی رہی ہے کہ اس نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔