!صدرکانگریس کو اس بار اگلی صف میں جگہ ملی

نئی دہلی ۔ 29 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی جن کی کانگریس پارٹی نے یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر اُنھیں چھٹی صف میں نشست دیئے جانے پر شدید برہمی ظاہر کی تھی ، آج اُنھیں پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں اگلی صف کی نشست حاصل ہوئی جبکہ صدرجمہوریہ نے دونوں ایوان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا ۔ تاہم راہول کو بجٹ سیشن کے آغاز پر پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس میں صدررام ناتھ کووند کے ایک گھنٹہ طویل اولین خطاب کے دوران کچھ بے چین دیکھا گیا۔ صدر کانگریس اپنی والدہ سونیا گاندھی اور پارٹی لیڈر ملک ارجن کھرگے سے بات کرتے دیکھے گئے ۔ سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی کو بھی اگلی صف میں بی جے پی کے لیڈر ایل کے اڈوانی اور اُن کے ساتھ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی قطار میں جگہ ملی ۔ اپنی نشستیں سنبھالنے سے قبل اڈوانی اور سونیا نے ایک دوسرے کو نمستے کیا ۔ یہ دونوں قائدین تقریب کے بعد بات کرتے دیکھے گئے جبکہ صدر کا خطاب ختم ہونے کے بعد کانگریس لیڈر نے میز تھپتھپائی ۔