بارگاہِ غریب نوازؒ کے تبرکات کی پیشکشی
حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے اجمیر میں بارگاہِ غریب نوازؒ پر حاضری سے واپسی کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے ملاقات کی اور انہیں تبرکات حوالے کیے۔ محمد سلیم نے اجمیر میں دیوان جی زین العابدین اور دیگر ذمہ داروں سے ملاقات کے بعد خصوصی تیار کردہ غلاف نذر کیا۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی درازیٔ عمر کے لیے دعا کی۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے موقع پر محمد سلیم نے اپنے دورے کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ تلنگانہ کے زائرین حیدرآبادی رباط کے سنگ بنیاد کے منتظر ہیں۔ چیف منسٹر عنقریب اجمیر کے دورے کو قطعیت دیں گے۔ انہوں نے حج 2018ء کے انتظامات کے سلسلہ میں وقف بورڈ اور حج کمیٹی کی مشترکہ کاوشوں سے واقف کرایا اور کہا کہ گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عازمین حج کے لیے بہتر سے بہتر انتظامات کیے جائیں کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت سے حج کا ثواب ملتا ہے۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ انتظامات کے سلسلہ میں بجٹ کی اجرائی حکومت کے لیے کوئی مسئلہ نہیں رہے گی۔ محمد سلیم نے محکمہ جاتی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی روداد سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے انتہائی ادب و احترام کے ساتھ تبرکات کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ بارگاہِ غریب نواز میں جلد ہی حاضری دیں گے۔ وہاں کی کوئی بھی منت خالی نہیں جاتی۔