صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انیس الغرباء کامپلکس کا معائنہ کیا

تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت، بہتر سہولتوں کے ساتھ یتیم خانے کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے آج انیس الغرباء کے زیر تعمیر کامپلکس کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ حکومت نے انیس الغرباء کے لیے 7 منزلہ عصری سہولتوں سے آراستہ کامپلکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور یتیم خانے سے متصل آر اینڈ بی کی اراضی کو الاٹ کرتے ہوئے وسیع تر کامپکس کی تعمیر کا آغاز عمل میں آیا۔ اس پراجیکٹ کے لیے 20 کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور وقف بورڈ نے تاحال 8 کروڑ روپئے جاری کردیئے۔ آر اینڈ بی کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ آر اینڈ بی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر ایم اے حفیظ اور دیگر عہدیداروں نے صدرنشین وقف بورڈ کو تعمیری کاموں کی تفصیلات سے واقف کروایا اور معائنہ کرایا۔ محمد سلیم نے کاموں کی عاجلانہ تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعمیری کام میں کوالیٹی کو برقرار رکھا جائے۔ 7 منزلہ اس کامپلکس کے ابتدائی دو فلور کمرشیل رہیں گے جس کی آمدنی انیس الغرباء پر خرچ کی جائے گی۔ اوپری منزلوں میں بہتر سہولتوں کے ساتھ انیس الغرباء یتیم خانہ قائم کیا جائے گا جو فی الوقت شہر کے کسی اور مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے انیس الغرباء کے کامپلکس کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے آر اینڈ بی کی تقریباً 4000 گز اراضی کامپلکس کے لیے الاٹ کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ کے مطابق انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کے بعد یتیم بچوں کے لیے نہ صرف رہائش بلکہ بہتر تعلیم کا انتظام رہے گا۔ حکومت لڑکیوں کی اعلی تعلیم کو یقینی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کی نگرانی میں تعمیری کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے گزشتہ دنوں تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مرمتی اور تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا تھا۔