صدرنشین حج کمیٹی کو منتخب کرنے آج ارکان کا اجلاس

منان فاروقی الیکشن آفیسر ، مسیح اللہ خاں کا انتخاب یقینی
حیدرآباد۔24 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی صدرنشین کے انتخاب کیلئے کل 25 جنوری کو کمیٹی کے ارکان کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ 16 رکنی حج کمیٹی کی تشکیل کا عمل مکمل ہوتے ہی حکومت نے صدرنشین کے انتخاب کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے 3.00 بجے سہ پہر حج ہاؤز نامپلی میں اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس کی طلبی کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے۔ صدرنشین کے انتخاب کے لئے وقف بورڈ کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے منان فاروقی کو الیکشن آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ صدرنشین کا انتخاب متفقہ طور پر کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ حکومت نے صدارت کیلئے مسیح اللہ خاں کے نام کو منظوری دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مزید دو ارکان نے صدارت کیلئے دعویداری پیش کی تھی لیکن چیف منسٹر کی جانب سے اسے مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں کسی ایک رکن کی جانب سے صدرنشین کے عہدہ کے لئے نام تجویز کیا جائے گا اور دیگر تمام ارکان تائید کریں گے۔ اس طرح تلنگانہ ریاست کی پہلی حج کمیٹی کے صدرنشین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو صدارتی انتخاب کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ تمام ارکان کو چیف منسٹر کی جانب سے منظورہ نام سے واقف کرائیں گے۔ واضح رہے کہ حج ایکٹ 2002 ء کے تحت حکومت نے 16 ارکان کے ناموں کے ساتھ 20 جنوری کو جی او آر ٹی 21 جاری کیا تھا ۔ اس جی او میں شیعہ رکن کی عدم شمولیت کے باعث تنازعہ پیدا ہوگیا کیونکہ حج کمیٹی ایکٹ کے تحت ایک شیعہ رکن کی شمولیت لازمی ہے۔ حکومت نے اس غلطی کی اصلاح کرتے ہوئے محترمہ شمیم آغا کو رکن کی حیثیت سے شامل کیا ہے جبکہ پہلے سے شامل کردہ ستار گلشنی کے نام کو حذف کردیا گیا ۔ اس طرح 16 رکنی کمیٹی کی تشکیل کا عمل مکمل ہوگیا ۔ کمیٹی کی میعاد تین سال رہے گی۔ ارکان کی حیثیت سے فاروق حسین ، محمد فرید الدین ارکان قانون ساز کونسل ، محمد شکیل عامر ایم ایل اے ، خواجہ سراج الدین کارپوریٹر ورنگل ، محمد عبدالشفیع کارپوریٹر رحمت نگر حیدرآباد، عارف احمد کارپوریٹر کریم نگر ، عبدالقادر سدی پیٹ ، حافظ محمد لئیق خاں نظام آباد ، ڈاکٹر عقیل ہاشمی حیدرآباد ، محمد امجد علی حیدرآباد ، محمد امتیاز خاں آصف آباد، محمد عارف الدین حیدرآباد شامل ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم بااعتبار عہدہ بورڈ کے رکن ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور اگزیکیٹیو آفیسر بااعتبار عہدہ رکن اور کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ ایکٹ کے مطابق کمیٹی کا اجلاس تین ماہ میں ایک مرتبہ طلب کیا جائے گا ۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ حج کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی حج 2018 ء کے حج کیمپ اور دیگر انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی میں علمائے کرام کی عدم شمولیت کے باعث مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔