چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش، اہل امیدواروں کو منتخب کرنے کا مشورہ
حیدرآباد 20ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو مشورہ دیا کہ وہ مخلوعہ جائیدادوں پر قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر ملازمین کا تقرر کریں ۔ تلنگانہ پبلک کمیشن کے صدر نشین گنٹا چکراپانی اور کمیشن کے ارکان سی وٹھل اور ڈاکٹر چندرا وتی نے آج راج بھون میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ اس خیر سگالی ملاقات کے دوران گورنر نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی ستائش کی اور کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں ویژن رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کمیشن کو مشورہ دیا کہ تقررات کے موقع پر اہلیت رکھنے والے امیدواروں کا انتخاب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اگر قابل ہوں تو حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری میں مدد ملے گی اور حکومت کے ترقی اور فلاح کے نشانوں کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے کمیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کریں۔ صدر نشین پبلک سرویس کمیشن کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد پروفیسر جی چکراپانی اور ارکان کی گورنر سے یہ پہلی ملاقات تھی ۔ جمعرات کو انہوں نے اپنی ذمہ داری سنبھالی تھی ۔