صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ پر حملے کے خلاف مقدمہ درج

حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسٹر محمد سلیم پر کل احاطہ حج ہاؤز میں مبینہ حملہ کے واقعہ سے متعلق ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ کل سید مقبول اور اُن کے ساتھی ذکی جن کا تعلق ضلع محبوب نگر سے بتایا گیا ہے، صدرنشین وقف بورڈ کے چیمبر میں اچانک گھس گئے اور قابل اعتراض ریمارکس کرتے ہوئے مسٹر سلیم کو مبینہ طور پر دھمکی دی۔ اِس واقعہ کے بعد حج ہاؤز میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور صدرنشین وقف بورڈ اور دیگر افراد کے درمیان لفظی تکرار کے بعد یہ معاملہ پولیس تک پہونچ گیا۔ انسپکٹر عابڈس مسٹر اے گنگا رام نے بتایا کہ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی شکایت پر تعزیرات ہند کی دفعہ 353 (سرکاری ملازمت کو اپنی خدمات انجام دینے سے روکنا) ، 323 (زدوکوب کرنا) ، 506 (دھمکی دینا) کے تحت سید مقبول اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس نے اُنھیں کل حراست میں لے لیا تھا۔ سوشیل میڈیا اور دیگر ذرائع سے حاصل کئے گئے ویڈیو کلپس کا تجزیہ کیا جارہا ہے اور اس معاملہ میں تحقیقات جاری ہیں۔ اُنھوں نے اِس سلسلہ میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔