صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی کی کونسل جنرل انڈیا نور رحمن شیخ سے ملاقات

حج انتظامات پر بات چیت
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں نے آج جدہ میں کونسل جنرل انڈیا ایم نور رحمن شیخ سے ملاقات کی اور حج 2018 کے انتظامات پر بات چیت کی۔ کونسل جنرل انڈیا نے ہندوستانی عازمین حج کیلئے کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات بیان کی اور کہا کہ عازمین کو کسی بھی قسم کی دشواری نہیں ہوگی اور تمام انتظامات گزشتہ سال کی طرح بہتر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کیلئے ہر سال بہتر سے بہتر انتظامات کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عزیزیہ زمرہ کے عازمین کیلئے عمارتوں میں اور رباط میں قیام کرنے والے عازمین کیلئے رباط کی عمارتوں میں پکوان کی سہولت حاصل رہے گی جبکہ گرین زمرہ کیلئے یہ سہولت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کو پکوان کی سہولت حاصل نہیں ہوگی۔ اس موقع پر ڈپٹی کونسل جنرل محمد شاہد عالم اور تلنگانہ حج کمیٹی کے رکن ایم اے شفیع موجود تھے۔ مسیح اللہ خاں نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ پہنچ کر کونسل جنرل سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج میں اس بات کو لیکر بے چینی پائی جاتی ہے کہ دوسری مرتبہ مکہ مکرمہ جانے والوں کو 2000 ریال زائد ادا کرنے ہوں گے۔ کونسل جنرل نے بتایا کہ ایسے عازمین جنہوں نے سابق میں عمرہ ادا کیا ہو انہیں زائد رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی جبکہ سابق میں حج ادا کرنے والے افراد کو یہ رقم دینی ہوگی۔ صدرنشین نے بتایا کہ عازمین حج کی روانگی سے قبل حج کیمپ میں موبائیلی کمپنی کے سم کارڈ فراہم کئے جائیں گے جس میں 3 ریال کی رقم بھی دستیاب رہے گی۔