صدرنشین اقلیتی کمیشن کا دورہ گدوال

اقلیتوں کے مسائل کی سماعت، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کا تیقن، اقامتی اسکول کا دورہ
حیدرآباد ۔ 4۔ مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے آج گدوال ضلع کا دورہ کیا اور اوقافی جائیدادوں کے علاوہ اقلیتی اقامتی اسکول کا معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر شیشانگ اور رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی ، ڈی ایس پی گدوال شاکر حسین اور دیگر عہدیداروں نے استقبال کیا ۔ ریونیو اور اقلیتی بہبود کے عہدیدار ان کے دورہ میں شامل رہے۔ صدرنشین کمیشن سے عیدگاہ کمیٹی گدوال کے ذمہ داروں نے ملاقات کی۔ انہوں نے مقامی اقلیتوں کے مسائل کی سماعت کی۔ گدوال میں اقلیتوں کی آبادی 40 فیصد ہے اور مقامی افراد اردو میڈیم ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ قمرالدین نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ رکن اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی نے صدرنشین اقلیتی کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ شادی مبارک اسکیم کیلئے ان کے حلقہ کو زائد منظوری دی جائے ۔ مقامی افراد نے کئی مسائل پر نمائندگی پیش کی۔ قمرالدین نے اقلیتی اقامتی اسکول فار گرلز کا دورہ کیا جہاں 400 سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں۔ پرنسپل جلیل اور اساتذہ نے ان کا استقبال کیا ۔ اسکول میں بہتر سہولتوں پر صدرنشین وقف بورڈ نے اظہار تشکر کیا ۔ حکومت ان اسکولوں میں ہر طالب علم پر ایک لاکھ 15 ہزار روپئے خرچ کر رہی ہے ۔ طلبہ کیلئے پلے گراؤنڈ کے سلسلہ میں ضلع کلکٹر سے نمائندگی کی گئی ۔ قمرالدین نے بتایا کہ پرنسپل نے لڑکوں کے لئے اقامتی اسکول کے قیام کی نمائندگی کی درخواست کی ہے۔ مسلم جماعتوں کے وفد نے گدوال میں اوقافی اراضی کے تحفظ کیلئے نمائندگی کی۔