صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کو کابینی درجہ

میڈیا اکیڈیمی کے لوگو میں عنقریب اردو کی شمولیت
حیدرآباد ۔ 17۔ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کو کابینی درجہ فراہم کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ جی او ایم ایس 43 کے مطابق تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین کو کابینی وزیر کا درجہ اور مراعات حاصل ہوں گی۔ یہ مراعات ان کے جائزہ لینے کی تاریخ سے حاصل ہوں گی۔ انہیں کابینی وزیر کے مماثل تنخواہ اور دیگر الاؤنسیس دیئے جائیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے احکامات جاری کئے۔ اسی دوران اقلیتی کمیشن کی کامیاب نمائندگی پر تلنگانہ میڈیا کمیٹی نے اپنے لوگوں میں اردو کو شامل کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ اردو صحافیوں کی نمائندگی پر کمیشن نے میڈیا اکیڈیمی آف تلنگانہ کو نوٹس جاری کی تھی ۔ اکیڈیمی کے لوگوں میں تلگو اور انگلش کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ریاست میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ کمیشن کی نوٹس کے بعد میڈیا اکیڈیمی کے سکریٹری نے مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی کمیشن کی ہدایت کے مطابق میڈیا اکیڈیمی کے لوگوں میں اردو کو شامل کرنے کیلئے عنقریب قدم اٹھائے جائیں گے۔ اقلیتی کمیشن کا اجلاس محمد قمرالدین کی صدارت میں نئے تعمیر کردہ کورٹ ہال میں منعقد ہوا جس میں کمیشن کی کارکردگی اور موصول ہونے والی درخواستوں کی یکسوئی کا جائزہ لیا گیا۔