برلن ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر شام بشارالاسد نے آج عہد کیاکہ کمزور جنگ بندی کی برقراری کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اُنھوں نے باغیوں کے لئے عام معافی کی پیشکش کی جو مسلح ہیں۔ بشارالاسد نے کہاکہ ہم ممکنہ حد تک اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ موجودہ جنگ بندی برقرار رہے۔ وہ جرمن سرکاری محکمہ برائے نشریات اے آر ڈی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ اُنھوں نے روس اور امریکہ کی ثالثی سے طے شدہ 3 روزہ جنگ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے آپ کو جوابی کارروائی سے روکے رکھ رہے ہیں تاکہ یہ معاہدہ برقرار رہ سکے اور ہم بھرپور تعاون کریں گے۔ لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔ اِس کا انحصار دوسرے فریق پر بھی ہوگا۔ صلح کو ’’شعاع اُمید‘‘ قرار دیتے ہوئے صدر شام نے پیشکش کی کہ اپوزیشن کے جنگجوؤں کو عام معافی دے دیں گے بشرطیکہ وہ ہتھیار ڈال دینے سے اتفاق کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ باغی اپنے ہتھیار حکومت کے حوالہ کردیں اور چاہیں تو ملک کے سیاسی دھارے میں شامل ہوجائیں۔ اِس کے لئے آپ کا کوئی سیاسی ایجنڈہ ہونا ضروری نہیں ہوگا۔