صدررام ناتھ کووند کا 4اور 5اگست کو دورہ حیدرآباد

سنگاریڈی کے کندی آئی آئی ٹی کے کانوکیشن میںشرکت‘ چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد ۔ 23جولائی ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے آئندہ ماہ 5اگست کو صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کے دورہ ضلع سنگاریڈی کا جائزہ لیا جہاں کندی میں واقع آئی آئی ٹی کے ساتویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو بتایا کہ آئندہ ماہ 4اور 5 اگست کو صدر جمہوریہ ہند ریسات کا دورہ کررہے ہیں جس کے پیش نظر ضرورت کے مطابق عملہ کو تیار رکھنے سیکورٹی بندوبست کے ساتھ ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے عہدیداروں کو احکامات جاری کئے ۔ صدر جمہوریہ جس سڑک سے سفر کررہے ہیں ان سڑکوں کو مرمت کرنے ہیلی پیاڈ تیار کرنے بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے ‘ فائر انجن ‘ پینے کے پانی کی سہولت ‘ صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت دی ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ صدر جمہوریہ 4اگست کو شام میں بیگم پیٹ ایئرپورٹ پہنچیں گے اور راج بھون میں ان کا قیام رہے گا ۔ 5اگست کو صبح بلارام میں واقع راشٹرپتی نیلائم میں پودے لگائیں گے جس کے بعد وہ کندی میں واقع آئی آئی ٹی حیدرآباد کے پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ چیف سکریٹری نے صدر جمہوریہ ہند کے دورہ بلارم کیلئے کلکٹر حیدرآباد اور کندی پروگرام کیلئے کلکٹر ضلع سنگاریڈی کو عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔ اس اجلاس میں ڈی جی پی مہیندر ریڈی ‘ پرنسپال سکریٹریز آدھار سنہا ‘ ہرپریت نسگھ ‘ نیل شرما ‘ راجیو ترویدی ‘ پروٹوکال ڈائرکٹر ارویندر سنگھ ‘ رچہ کنڈا پولیس کمشنر مہیش بھگوت حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار ‘ ایڈیشنل ڈی جی ( لا اینڈ آرڈر ) چندرا ‘ حیدرآباد کلکٹر یوگیتا رانا ‘ سنگاریڈی کلکٹر وی وینکٹیشورلو ‘ ضلع ایس پی چندرا شیکھر ریڈی کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔