نائب صدرجمہوریہ اور مرکزی وزیرداخلہ کے ہاتھوں تقریروں کے منتخب اقتباسات پر مبنی کتاب کا رسم اجراء
نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کئی نئے اقدامات بشمول تہذیبی ورثے کی حیثیت رکھنے والی جائیدادوں کی بحالی برائے راشٹر پتی بھون اور 5 لاکھ سے زائد افراد کی راشٹرپتی بھون تک رسائی ممکن بنانا ان چند تاریخ ساز کارناموں میں شامل ہے جو صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے 3 سالہ دور میں انجام پائے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران انجام پائے کارناموں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں صدرجمہوریہ کی سکریٹری اومیتا پال نے کہا کہ 3 سالہ میعاد کے اختتام اور چوتھے سال کے آغاز کے موقع پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کل صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اپنے عہدہ پر فائز ہونے کے تین سال مکمل کرلیں گے جس کے دوران انہوں نے 105 اندرون ملک دورے کئے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کی جارہی ہیکہ لاکھوں سیاحوں کیلئے راشٹرپتی بھون کے زیادہ سے زیادہ علاقے کھول دیئے جائیں۔ اس امکان پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں نے مختلف عمارتوں کی آثارقدیمہ سے یکجہتی کو بحال کرنے کی کوشش کی ہے۔ راشٹرپتی بھون میں جاریہ سال کے اختتام تک ایک صنعتی علاقہ قائم کردیا جائے گا۔ بیشتر کام تکمیل پا چکا ہے۔ اونیتا پال نے کہا کہ یہ جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ہوگا۔ پرنب مکرجی نے 25 جولائی 2012ء کو صدرجمہوریہ کے عہدہ کا حلف لیا تھا۔ ان کی 3 سالہ مدت میں کئی اہم پراجکٹس مکمل ہوئے اور کئی نئے اقدامات کئے گئے۔ اس سلسلہ میں ایک کتابچہ تیار کیا گیا ہے جس کا عنوان ہے ’’توانائی کے ساتھ پیشرفت‘‘ یہ کتابچہ راشٹرپتی بھون کی جانب سے شائع کیا جارہا ہے۔ 3 سالہ میعاد کی تکمیل پر مرکزی مجلس وزراء کیلئے ایک عشائیہ ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ دعوت کل مقرر ہے جس کے میزبان صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ہوں گے۔
اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری اور مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ صدرجمہوریہ کی تقاریر کے اہم اقتباسات پر مبنی کتاب کا رسم اجراء انجام دیں گے۔ یہ دو جلدوں میں ہوگی۔ پہلی جلد میں 52 تقریریں ہوں گی، جس کے پانچ باب ہوں گے۔ دوسری جلد میں 102 تقریریں شامل کی جائیں گی اور اسے 3 ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تقریروں سے پرنب مکرجی کے اندازفکر کی عکاسی ہوتی ہے اور ان کی مکمل تقریروں پر مشتمل کتاب کی 4 جلدیں جلد ہی شائع کی جائیں گی۔