صدرجمہوریہ کو مکتوب سے دستبرداری کا ’’عاپ‘‘ کا مطالبہ

نئی دہلی۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عاپ) کے قائدین نے آج اروند کجریوال کی زیرقیادت لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کی اور ان سے خواہش کی کہ صدرجمہوریہ روانہ کردہ مکتوب سے دستبرداری اختیار کی جائے، جس میں اجازت طلب کی گئی ہے کہ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کیلئے مدعو کیا جائے۔ صدر پارٹی کجریوال نے سینئر قائد منیش سیسوڈیا کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے ہمارے اسٹنگ آپریشن کی سی ڈی جس میں بی جے پی ہماری پارٹی کے رکن اسمبلی کو 4 کروڑ روپئے میں خریدنے کی کوشش کررہی ہے، گورنر کو پیش کردی ہے۔ ہم نے ان سے خواہش کی ہے کہ وہ ویڈیو کا مشاہدہ کریں، ہم نے ان سے خواہش کی کہ 4 ستمبر اپنے مکتوب سے جو انہوں نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو تحریر کیا ہے، دستبرداری اختیار کرلیں۔ ایک طریقہ سے انہوں نے بی جے پی کو تشکیل حکومت کی دعوت دینے اجازت طلب کی تھی۔ عام آدمی پارٹی قائد نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کے لئے ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔ سیسوڈیا نے کہا کہ اگر بی جے پی خرید و فروخت کے ذریعہ حکومت تشکیل دیتی بھی ہے تو دہلی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ایسی حکومت دہلی کے عوام پر ’’ایک بوجھ‘‘ ہوگی اور حکومت تشکیل دینے کا طریقہ ’’عوام سے غداری‘‘ کے مترادف ہے۔ اجلاس میں عام آدمی پارٹی نے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے دہلی اسمبلی تحلیل کردینے کی خواہش کی ہے۔ سیسوڈیا نے کہا کہ اگر ضروری ہو تو ہم یہ سی ڈی صدرجمہوریہ کو پیش کریں گے۔ عام آدمی پارٹی کی نجیب جنگ سے ملاقات سپریم کورٹ کی جانب سے مرکزی حکومت کو دہلی میں حکومت تشکیل دینے کے سلسلے میں تعطل کا اندرون ایک ماہ خاتمہ کرنے کی ہدایت کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔ صدرجمہوریہ کے نام اپنے مکتوب میں لیفٹننٹ گورنر نے 14 فروری کو عام آدمی پارٹی حکومت کے استعفیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے مفاد میں نہیں کہ ڈسمبر 2013ء انتخابات کے بعد اتنی مختصر مدت میں دوبارہ انتخابات منعقد کئے جائیں۔ دستوری کنونشن کے مطابق اور سپریم کورٹ کے حوالہ دیئے ہوئے قانون کو ذہن نشین رکھتے ہوئے مقبول عام حکومت تشکیل دینے کیلئے موجودہ اسمبلی تحلیل کرنا اور دوبارہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔