ہنوئی۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور ویتنام کے درمیان شعبۂ دفاع میں اہم معاہدوں پر دستخطیں متوقع ہیں جبکہ صنعت اور کلچر میں بھی دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کئے جاسکتے ہیں جیسا کہ صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی آئندہ ماہ ویتنام کا دورہ کررہے ہیں۔ ہندوستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ویتنام کے ساتھ تیل کے شعبہ اور شعبہ دفاع میں اہم معاہدے کرنے کا خواہاں ہے جبکہ ہنوئی بھی ہندوستان کے ساتھ اسی طرح کے معاہدے کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک بحیرۂ جنوبی چین میں سکیورٹی اور تنازعات کو بھی حل کرنا چاہتے ہیں۔ چین کے ساتھ اپنے کمزور تعلقات کے بعد ویتنام ہندوستان کے ساتھ شعبہ دفاع میں گہرے تعلقات اور تعاون کا خواہاں ہے تاکہ وہ اپنی بحری طاقت کو مضبوط کرسکے۔ ویتنام کیلئے ہندوستان علاقہ میں ایک اہم ملک ہے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان مسلح افواج کو مضبوط کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ویتنام کوشاں ہے کہ وہ ہندوستان سے برہموس میزائل حاصل کرے جس کو ہندوستان نے روس کے تعاون کے ساتھ تیار کیا ہے۔ علاوہ ازیں ویتنام نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے ہندوستان سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے آبدوز ٹریننگ بھی فراہم کرے۔