حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی کی جانب سے آج راشٹراپتی نیلائم واقع بولارم میں ممتاز مدعوئین کیلئے ایٹ ہوم ترتیب دیا گیا تھا۔ صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی جنھوں نے اپنی چھٹیاں گزارنے کے لئے 10 روزہ قیام پر حیدرآباد پہونچ کر راشٹراپتی نیلائم میں مقیم ہیں، اُنھوں نے چھٹیوں کے اختتام پر دہلی روانگی سے ایک دن قبل راشٹراپتی نیلائم میں ممتاز مدعوئین کیلئے ایٹ ہوم کا اہتمام کیا تھا۔ اس ایٹ ہوم میں شرکت کرنے والوں میں گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ، ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی، کے سری ہری کے علاوہ ریاستی وزراء تلنگانہ، مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ، متعدد سیاسی جماعتوں کے اہم قائدین، ممتاز شخصیتوں، چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما، اعلیٰ سیول و پولیس عہدیداروں بشمول ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ انوراگ شرما کے ساتھ ساتھ ریاست آندھراپردیش کے بعض وزراء مسرس آر کشور بابو، اجن نائیڈو، پی ایل راؤ، بعض سینئر صحیفہ نگار اور دیگر ممتاز شخصیتیں کثیر تعداد میں شریک تھے۔ صدرجمہوریہ ہند نے تمام مدعوئین کو قریب جاکر فرداً فرداً دونوں ہاتھ جوڑ کر نمسکار کررہے تھے۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی اپنی چھٹیوں کے اختتام پر کل 8 جولائی کی صبح ساڑھے گیارہ بجے حکیم پیٹ ایرفورس ایرپورٹ سے برائے خصوصی طیارہ دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔