صدرجمہوریہ کا اکٹوبر میں مجوزہ دورہ اسرائیل و فلسطین

نئی دہلی ۔ 20 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی امکان ہے کہ جاریہ سال اکٹوبر میں اسرائیل اور ساتھ ہی ساتھ فلسطین کا دورہ کریں گے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس دورہ میں اُردن کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے ۔ فلسطین اور اُردن کو صدرجمہوریہ کے دورہ میں شامل کرتے ہوئے ہندوستان اس تاثر کو دور کرنا چاہتا ہے کہ اُس کا جھکاؤ اسرائیل کی طرف ہے ۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے جون میں کہا تھاکہ وزیراعظم نریندر مودی جاریہ سال اسرائیل ، فلسطین اور اُردن کا دورہ کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آر ایس ایس کے علاوہ این ڈی اے حکومت میں بعض جماعتوں کا یہ موقف تھا کہ اسرائیل کے ساتھ بحیثیت دوست روابط کھلے طورپر استوار کئے جانے چاہئے ، تاہم حکومت نے اس دورہ میں فلسطین کو بھی شامل کرتے ہوئے توازن قائم رکھنے کی کوشش کی ہے ۔