حیدرآباد۔ 25 جون (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی اپنے قیام حیدرآباد کے دوران 3 جولائی کو یادگیر گٹہ کا دورہ کریں گے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ صدرجمہوریہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں اور اپنے اس دورہ کے دوران صدرجمہوریہ کے 10 دن قیام کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق دورۂ یادگیر گٹہ کے موقع پر وہ لکشمی نرسمہا سوامی مندر پہونچ کر خصوصی پوجا کریں گے اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی ہریتا ہارم اسکیم کا افتتاح کرینگے اور ریسیڈنشیل کالجوں کیلئے بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔