نئی دہلی 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے آج یہاں 47ممتاز شخصیتوں بشمول ملیالم ایکٹر موہن لال، سابق معتمد خارجہ ایس جئے شنکر، اکالی دل لیڈر سکھدیو سنگھ دھنڈسا اور نامور جرنلسٹ کلدیپ نیئر (بعداز مرگ) کو پدم ایوارڈس عطا کئے۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ خصوصی تقریب میں جہاں وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر بھی شریک رہے، بہار کے لیڈر حکم دیو نارائن یادو (پدم بھوشن)، سابق سی ای او سسکو سسٹمس جان چیمبرس (پدم بھوشن) اور نامور ڈانسر و فلمساز پربھو دیوا (پدم شری) کو بھی اعزازسے نوازا گیا۔ 2019 ء کے ایوارڈس کے لئے ریکارڈ 50 ہزار نامزدگیاں وصول ہوئی تھیں۔