صدرجمہوریہ حیدرآباد میں 10 روزہ تعطیلات گذار کر دہلی واپس

حیدرآباد ۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی جو دس روزہ چھٹیاں منانے کیلئے حیدرآباد آئے ہوئے تھے۔ اپنے 10 روزہ قیام کے اختتام پر آج صبح 11 بجے دن ایرفورس کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ حکیم پیٹ ایرفورس ایرپورٹ سے دہلی کیلئے روانہ ہوگئے۔ حکیم پیٹ ایرپورٹ پر صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی کو شاندار وداع کیا گیا۔ ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ وغیرہ نے گلدستے پیش کرتے ہوئے انہیں وداع کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے دوبارہ پرنب مکرجی کی قدم بوسی کی۔ ان کے علاوہ صدرجمہوریہ ہند کو وداع کرنے والے ممتاز قائدین و شخصیتوں میں مسرس سوامی گوڑ، صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل، مدھو سدن چاری اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی محمد محمود علی کے سری ہری ڈپٹی چیف منسٹرس ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی این نرسمہا ریڈی وزیرداخلہ جگدیش ریڈی وزیر توانائی بی سرینواس ریڈی وزیر زراعت ڈاکٹر راجیو شرما چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ و دیگر اعلیٰ سیول و پولیس عہدیداروں کے علاوہ مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔ صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی اپنی 10 روزہ چھٹیاں گذارنے راشٹراپتی نیلائم، واقع پولاورم میں مقیم اپنے دورہ و قیام حیدرآباد کے دوران صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے سب سے پہلے تروملا تروپتی دیواستھانم روانہ ہوکر خصوصی پوجا کی اور پھر بعدازاں مسٹر پرنب مکرجی نے یادگیر گٹہ کی لکشمی نرسمہا سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی۔ علاوہ ازیں گورنر مہاراشٹرا مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کی تحریر کردہ کتاب کی رسم اجراء انجام دیں۔ صدرجمہوریہ ہند کے قیام حیدرآباد کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے کئی قائدین نے ملاقات کی اور اپنی دہلی روانگی سے ایک دن قبل مسٹر پرنب مکرجی نے تمام ممتاز قائدین و عہدیداروں کیلئے ایٹ ہوم بھی ترتیب دیا تھا۔