نئی دہلی ۔11 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی آئندہ ہفتہ دوسری ویزیٹرس کے میزبان ہوں گے جس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سربراہان اور وائس چانسلرس شرکت کریں گے ۔ صدرجمہوریہ قومی طلبہ اسٹارٹ اپ پالیسی کی رسم افتتاح کانفرنس کے پہلے دن انجام دیں گے جس میں مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر شرکت کریں گے ۔ صدرنشین کل ہند کونسل برائے فنی تعلیم بھی شرکت کریں گے ۔ قومی طلبہ اسٹارپ اپ پالیسی اے آئی سی ٹی ای کی تشکیل کردہ ہے ۔ اس کامقصد ہندوستانی نوجوانوں کو قوم کی سماجی ۔ معاشی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرنا ہے۔ اس پالیسی سے طلبہ میں فیصلہ سازی کی اہم صلاحیت پیدا ہوگی ۔ صنعت ۔ تعلیم اجلاس بھی پہلے دن منعقد کیا جائے گا جس میں شعبۂ صنعت اور تعلیمات کی ممتاز شخصیات ، 32 تعلیمی ادارے اور 65 صنعتی ادارے شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر 68 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ عالمی معیار کے تعلیمی ادارے قائم کرنے پر غور کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں تحقیق ، تخلیق اور فروغ ٹکنالوجی کے لئے عالمی اداروں کے ساتھ اتحاد کیا جائیگا۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مالیہ کی فراہمی بھی کانفرنس کے ایجنڈہ میں شامل ہے ۔ کانفرنس کے دوسرے اور تیسرے دن ایجنڈے کے موضوعات پر مباحث ہوں گے ۔ راشٹرپتی بھون میں یہ کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔ صدرجمہوریہ 126 مرکزی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ویزیٹرس ہیں ۔ اس کانفرنس سے مرکزی اداروں کے سربراہوں کو اپنے خیالات ظاہر کرنا کا موقع حاصل ہوگا ۔