ڈھاکہ ۔3اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے صدر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمن نظامی کی درخواست برائے نظرثانی پر غور کا حکم دیا ہے ۔ انہیں 1971ء کی بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف جنگ آزادی کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے ۔ نظامی کے مشیران قانونی نے مزید مہلت طلب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی مرافعہ بنچ پر جس کی قیادت چیف جسٹس سریندر کمار سنہا کرتے ہیں ‘ سپریم کورٹ نے سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردی ۔ نظامی کے مشیرقانونی نے کہا کہ انہوں نے چھ ہفتوں کی مہلت طلب کی تھی لیکن عدالت نے صرف ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے ۔ 29مارچ کو جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے 72سالہ صدر نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست پیش کی تھی ۔ فیصلہ میں انہیں جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی گئی ۔ اگلے دن حکومت نے سپریم کورٹ کے چیمبر جج کو درخواست پیش کرتے ہوئے سماعت کا آغاز کرنے کی درخواست پیش کی ‘ جب کہ یہ معاملہ باقاعدہ مرافعہ بنچ نے سپریم کورٹ کے سپرد کیا تھا ۔ ۔