صدرتلنگانہ کانگریس اتم کمار ریڈی کی دہلی میں اعلی قائدین سے ملاقات

حیدرآباد26ستمبر(یواین آئی)تلنگانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے مختلف جماعتوں پر مشتمل عظیم اتحاد کی تشکیل کے لئے سرگرم ریاست کی اصل اپوزیشن کانگریس پارٹی کے صدر اتم کمارریڈی اور تلنگانہ قانون سازاسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جاناریڈی دہلی میں ہیں۔ان دونوں لیڈروں نے آج قومی دارالحکومت میں پارٹی کے بعض سینئر لیڈروں سے ملاقات کی اور ریاست کی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ عظیم اتحاد میں شامل ہونے والی جماعتوں کے لئے نشستوں کے الاٹمنٹ اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا۔ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کو انتخابات میں شکست دینے کے لئے یہ عظیم اتحاد تشکیل دیاجانے والا ہے تاہم اس اتحاد کا حصہ بننے والی جماعتوں کو الاٹ کی جانے والی نشستوں کے مسئلہ پر ہنوز کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ آج اتم کمارریڈی اور جاناریڈی نے پارٹی کے اعلی رہنماوں سے ہوئی اس ملاقات کے دوران نشستوں کے الاٹمنٹ،کانگریس کے امیدواروں کے انتخاب،پارٹی کے منشورسمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔پروفیسر کودنڈارام کی زیرقیادت جناسمیتی نے 25نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ تلگودیشم نشستوں کے مسئلہ پر ہنوز خاموش ہے ۔سی پی آئی 12نشستیں دینے کامطالبہ کر رہی ہے ۔تلگودیشم کو 19نشستیں دینے پر بھی غور کرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔