نئی دہلی ؍ سرینگر۔ یکم ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ را مناتھ کووند ، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے آج عوام کو عیدالاضحی ٰ کی مبارکباد پیش کرنے میں قیادت کی۔ ہندوستان میں کیرالا و بعض چند حصوں کے سوا سارے ملک میں ہفتہ کو عیدمنائی جارہی ہے۔ صدرنے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی ٰ کے موقع پرمیں اپنے تمام ہم وطنوں خصوصاًمسلم بھائی بہنوں کوجوملک وبیرون ملک رہتے ہیں، اپنی جانب سے مبارکباد پیش کرتاہوں۔آئیے ہم سب اس موقع پراپنے آپ کو ازسرنوجذبہ صداقت ، ایثار،قربانی اور خدمت خلق کے لئے جو اس عید کاجوہر ہے ، وقف کریں۔ نائب صدروینکیانائیڈونے کہا کہ عیدالاضحی جذبہ ایثار کی علامت ہے اور انسانی زندگیوں میں سچائی اورایثارکی قدروں کی اہمیت کو اجاگرکرتاہے ۔دریں اثناء چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی اور صدر نیشنل کانفرنس و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے بھی فرزندان عالم اسلام خصوصاً ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن قربانی اور ایثار کی علامت کی بہت بڑی نشانی ہے اور اِس کا دوسرا کوئی ثانی نہیں ہے۔محبوبہ مفتی نے عوام کو تاکید کی کہ یہ موقع بے غرض خدمت ، اخلاص اور ایثار کے اقدار اختیار کرنے کا ہے۔