صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کی پاکستان سے تعاون طلبی

کابل ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغان صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ’بہتر ہمسائیگی‘ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان میں قیام امن کیلئے اسلام آباد حکومت کا تعاون چاہتے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چند روز قبل عبداللہ عبداللہ پر کابل میں ہونے والے ایک ناکام بم حملے کے بعد افغان حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس واقعے میں پاکستانی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ تھا۔ تاہم عبداللہ عبداللہ نے اپنے اس تازہ بیان میں پاکستان کیلئے انتہائی نرم اور مصالحتی لہجے کا استعمال کیا۔ واضح رہے کہ عبداللہ عبداللہ پر چند روز قبل ایک دوہرہ بم حملہ کیا گیا تھا، جس میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے، تاہم عبداللہ عبداللہ اس حملے میں بال بال بچ گئے تھے۔ اس واقعے کے بارے میں افغان صدر حمد کرزئی کی قومی سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ عبداللہ عبداللہ پر حملے میں ’غیرملکی خفیہ ایجنسیوں‘ کا ہاتھ تھا۔