حیدرآباد 19 فبروری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں صحیفہ نگاوں کیلئے ایکریڈیشن کارڈز اور ہیلت کارڈز کی اجرائی کا مسئلہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی دو نشستوں کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات کے بعد واضح ہوجائے گا ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی مسٹر اے نارائنا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کے صحیفہ نگاوں کو در پیش دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی مسٹر نارائنا نے آج مسٹر کے وی رمنا چاری مشیر تلنگانہ حکومت برائے تہذیبی اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے ملاقات کی تھی ۔ اس موقع پر کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ریاست تلنگانہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر بالخصوص صحیفہ نگاروں کے دیرینہ حل طلب مختلف مسائل بالخصوص ہیلت کارڈز اور پریس ایکریڈیشن کارڈز کی اجرائی کا مسئلہ زیر بحث رہا ۔ انہو ںنے کہا کہ مسٹر رمنا چاری نے انہیں بتایا کہ ایکرڈیشن کارڈز کی اجرائی کیلئے سال 2008 میں ہی جامع رہنمایانہ خطوط مرتب کر کے جاری کئے گئے تھے لیکن چونکہ اب ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم اور نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی روشنی میں نئے رہنمایانہ خطوط مرتب کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ لہذا اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دینے کا اظہار کیا۔ مسٹر نارائنا نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی کی گورننگ باڈی اجلاس کی تاریخ کا تعین کرنے پر بھی غور کیا گیا ۔