سوچھ تلنگانہ کیلئے سرپنچس کے ریاستی سطح کے کنونشن سے ، چیف وہپ جی سنیتا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسمبلی میں وہپ اور آلیر کی رکن اسمبلی جی سنیتا نے آج سرپنچس پر زور دیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے سنہری تلنگانہ کے مقصد کے حصول کیلئے صحت مند تلنگانہ کیلئے کام کریں اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب وہ نہ صرف ان کے اضلاع کو کھلی جگہ پر رفع حاجت سے پاک بنانے کا اعلان کریں بلکہ سب کیلئے بہتر صحت کو یقینی بنائیں ۔ انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرس ، پر سوچھ تلنگانہ کیلئے سرپنچوں کے ریاستی سطح کے کنونشن سے مخاطب کرتے ہوئے جس میں تمام اضلاع کے سرپنچوں نے حصہ لیا ، مسز سنیتا نے کہا کہ آج جب کہ ٹکنالوجی بہت عصری ہوگئی ہے اور سرپنچس ٹکنالوجی سے واقف ہیں تاہم یہ بات افسوسناک ہے کہ گرام پنچایتس اور گاوؤں میں ٹائیلٹس نہیں ہیں اور یہ تحریک نہ ہونے کی وجہ ہے ۔ لہذا ہر سرپنچ کو اس پروگرام کو ایک چیالنج کے طور پر لینا چاہئے اور سوچھ تلنگانہ کے مقصد کے وصول میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے وہ ایک سرپنچ تھیں اور انہیں قومی سطح پر ایوارڈس بھی حاصل ہوئے اور بتایا کہ پھر وہ کس طرح ایک سرپنچ سے چیف وہپ بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک سرپنچ کی حیثیت سے سوچھ تلنگانہ کے لیے چھوٹے پیمانہ پر شروعات کی اور ایک ریالی نکالی ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے عوام سے کہا کہ گھروں کے پاس کچرا وغیرہ نہیں ہونا چاہئے ۔ کیوں کہ اس سے چکن گنیا ، ملیریا ، فیلیریا ، ہیضہ ، دماغی بخار وغیرہ جیسے امراض پیدا ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سرپنچ کی حیثیت سے وہ میٹنگس منعقد کر کے عوام کو صفائی کی اہمیت و افادیت سے واقف کرواتی تھیں انہوں نے کہا کہ صحت کی بڑی اہمیت ہے ۔ اگر صحت نہ ہو تو سب کچھ بیکار ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ گرام پنچایتوں میں سرپنچس کی بڑی ذمہ داریاں ہوتی ہیں کیوں کہ گاؤں کی ہر ضرورت کے لیے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے ۔ تاہم مقصد کے حصول کے لیے عوام کو بھی تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔