بھوپال ۔ /5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مدھیہ پردیش نے ہائیکورٹ کی جانب سے تحقیقات کے لئے تشکیل کردہ ایس آئی ٹی کو مکتوب لکھ کر ویاپم ریکروٹمنٹ اسکام میں ایک ٹی وی صحافی اکھشے سنگھ کی موت کی بھی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ صحافی کی پراسرار حالت میں موت واقع ہوئی تھی ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر چوہان نے کہا کہ مدھیہ پردیش ہائیکورٹ کسی بھی ایجنسی کے ذریعہ اسکام کی تحقیقات کا حکم دے ۔ اس میں سی بی آئی تحقیقات بھی شامل ہوسکتی ہے ، جس کا کانگریس نے مطالبہ کیا ہے ۔ یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ ہم اس کو مکتوب لکھ کر درخواست کررہے ہیں کہ وہ صحافی کی موت کی بھی تحقیقات کرے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کل ہی گجرات کے دھوڑ ضلع ہاسپٹل سے پوسٹ مارٹم کیا گیاہے جہاں اسے علاج کے لئے لایا گیا تھا ۔ ڈاکٹروں کا ایک پیانل اپنی قطعی رپورٹ تیار کرکے روانہ کردیا ہے ۔ پوسٹ مارٹم کے عمل کی ویڈیو گرافی بھی کی گئی ہے ۔ ہر ایک موت ایک بدبختی کی بات اور صدمہ خیز ہوتی ہے ۔ ہم کو احساس ہے کہ اس اسکام میں ہونے والی تمام اموات کی تحقیقات ہونی چاہئیے ۔ ریاستی حکومت نے قبل ازیں ہائیکورٹ کو مکتوب لکھ کر اموات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ چوہان نے کہا کہ ویاپم اسکام کی تحقیقات کرانے ان کی حکومت کا کوئی رول نہیں ہوگا کیوں کہ اس میں کئی ملزمین اور گواہوں کی اموات ہوئی ہیں ۔