نئی دہلی ؍ بنگلورو 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) میڈیا سے وابستہ شخصیتوں نے آج دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں پر حملوں کی مذمت کی اور مختلف ریاستوں میں حالیہ پیش آئے واقعات کے سلسلہ میں وزارت داخلہ سے موقف رپورٹ کا مطالبہ کیا۔ صحافی پریس کلب آف انڈیا کے پاس جمع ہوئے اور اُنھوں نے انسانی زنجیر بنائی۔ گاندھی جی کی یوم پیدائش کے موقع پر اُنھوں نے سیاہ بیاچس لگائے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کلب آف انڈیا سے انڈین ویمنس پریس کور بلڈنگ تک خاموش مارچ نکالا۔ کئی صحافیوں کی دستخط پر مشتمل درخواست 5 اکٹوبر کو وزارت داخلہ کو پیش کی جائے گی۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اسی طرح کے مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران وزارت داخلہ کرناٹک راما لنگا ریڈی نے دعویٰ کیاکہ جرنلسٹ گوری لنکیش قتل کی تحقیقات کررہی ایس آئی ٹی کو شواہد دستیاب ہوئے ہیں۔