صحافیوں کو ڈبل بیڈروم سے بہتر مکانات کا تیقن

اسکیم کی تیاری ۔ چیف منسٹر سے صحافیوں کے وفد کی ملاقات
حیدرآباد۔/29جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے صحافیوں کو تیقن دیا کہ انہیں ڈبل بیڈ روم سے بہتر مکانات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ صدر نشین تلنگانہ پریس اکیڈیمی الم نارائنا کی قیادت میں صحافیوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے کیمپ آفس میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور صحافیوں کیلئے مکانات فراہم کرنے کے اعلان پر اظہار تشکرکیا۔ چیف منسٹر نے مکانات کی فراہمی کے سلسلہ میں تجاویز طلب کیں اور کہا کہ حکومت غریب عوام کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات سے بہتر مکانات کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ زائد رقبہ پر محیط مکانات تعمیر کرتے ہوئے صحافیوں کوالاٹ کئے جائیںگے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ڈبل بیڈروم اسکیم کے مکانات 580 گز پر تعمیر کئے جائیں گے جبکہ صحافیوں کیلئے مکانات 800 مربع گز پر تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔ ہمہ منزلہ عمارتوں میں فلیٹس کی شکل میں مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت اس سلسلہ میں اسکیم تیار کررہی ہے جس کے تحت تعمیر کے خرچ کا کچھ حصہ صحافیوں کو برداشت کرنا پڑیگا۔ پریس اکیڈیمی کے ارکان اور صحافیوں کی تنظیموں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکرکیا اور تمام مستحق صحافیوں کو مکانات کے الاٹمنٹ کی اپیل کی۔ کے سی آر اس اسکیم پر عمل آوری میں شفافیت اور مستحقین کا احاطہ کرنے کے حق میں ہیں۔