صحافیوں کا راج بھون کے روبرو دھرنا ، ٹی آر ایس حکومت کے خلاف نعرے بازی

حیدرآباد۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں دو تلگو نیوز چینلس کے ٹیلی کاسٹ پر پابندی کے خلاف صحافیوں نے آج راج بھون کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ دونوں نیوز چینلس کے تقریباً 70 سے زائد ملازمین اور بعض جرنلسٹ یونینوں کے نمائندوں نے اس احتجاج میں شرکت کی ۔ پولیس نے احتجاجی صحافیوں کو راج بھون میں داخل ہونے سے روک دیا اور انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔ صحافی جو پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے، ٹی آر ایس حکومت کے مخالف میڈیا رویہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاجی صحافیوں نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے اس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی ۔ وہ گورنر کو ایک یادداشت پیش کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی جس پر صحافیوں کی پولیس کے ساتھ تکرار ہوگئی ۔ حراست میں لئے گئے صحافیوں کو گوشہ محل منتقل کیا گیا جہاں بعد میں رہائی عمل میں آئی ۔ گزشتہ تین ماہ سے تلنگانہ میں تلگو کے دو نیوز چینلس کے ٹیلی کاسٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ خانگی آپریٹرس اور ملٹی سسٹم آپریٹرس نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ چینلس نے تلنگانہ کی تہذیب اور تلنگانہ کے عوامی نمائندوں کا مذاق اڑاتے ہوئے پروگرام پیش کئے تھے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کل ورنگل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام نیوز چینلس کو عملاً دھمکی دی کہ اگر وہ مخالف تلنگانہ موقف اختیار کریں گے تو تلنگانہ سے ان کا صفایا کردیا جائے گا۔ حکومت کا موقف یہ ہے کہ پابندی سے اس کا کوئی تعلق نہیں بلکہ ملٹی سسٹم آپریٹرس نے اپنے طور پر یہ فیصلہ کیا ہے۔ لہذا ان چینلس کو آپریٹرس سے بات کرنی چاہئے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو دن سے صحافیوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور کل خاتون صحافیوں کے وفد نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے نمائندگی کی تھی۔ صحافیوں کے اس احتجاج کے باوجود حکومت کے رویہ میں کسی طرح کی نرمی کے کوئی آثار نہیں ہے۔