حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ، اسمبلی اجلاس میں اعلان کرنے کی خواہش
حیدرآباد۔26فبروری ( سیاست نیوز) صحافیوں کی بھلائی کے اقدامات کے سلسلہ میں حکومت کو سفارشات پیش کرنے کیلئے قائم کردہ کمیٹی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافتی اداروں میں خدمات انجام دینے والے تمام صحافیوں کیلئے ہیلت کارڈ کی اجرائی کو یقینی بنائے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ 11رکنی کمیٹی کا حیدرآباد میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ساکشی کے ایڈیٹوریل ڈائرکٹر کے رامچندرا مورتی نے کی ۔ منیجنگ ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب ظہیر الدین علی خان کے علاوہ کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ چندرا ودن ‘ پریس اکیڈیمی کے صدر نشین الم نارائنا ‘ کمیٹی کے ارکان سرینواس ریڈی ‘سیلیش ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صحافیوں کو ہیلت کارڈ کی اجرائی کے مسئلہ پر غور کیا گیا ۔ حکومت سے خواہش کی گئی کہ وہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں صحافیوں کے ہیلت کارڈ کے بارے میں اعلان کرے ۔ اس پہلے اجلاس میں ہیلت کارڈ کو ایجنڈہ میں پہلے ایٹم کے طور پر رکھا گیا ۔ گذشتہ 18ماہ سے صحافیوں کو ہیلت کارڈ کی اجرائی کا مسئلہ التواء کا شکار ہے لہذا حکومت کو اس سلسلہ میں جلد فیصلہ کرنے کی سفارش کی گئی ۔ کمیٹی کے ارکان کا احساس تھا کہ گذشتہ کئی ماہ سے ہیلت کارڈ کی عدم موجودگی کے سبب دیہی علاقوں میں کام کرنے والے صحافی اور ملازمین مختلف مشکلات سے دوچار ہیں ۔ اجلاس میں حکومت سے سفارش کی کہ اکریڈیٹیشن کارڈ کو بنیاد بنائے بغیر تمام صحافیوں اورملازمین کو ہیلت کارڈ جاری کیا جائے ۔ پریس اکیڈیمی کے صدر نشین الم نارائنا نے کہا کہ ہیلت کارڈ کی اجرائی کے مسئلہ پر چیف منسٹر ہمدردانہ موقف رکھتے ہیں ۔ ورکنگ جرنلسٹوں کے علاوہ فری لانس جرنلسٹ اور وظیفہ یاب جرنلسٹوں کو بھی ہیلت کارڈ جاری کرنے کمیٹی نے حکومت سے سفارش کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اکریڈیٹیشن کارڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں نئے رہنمایانہ خطوط وضع کئے جائیں ۔