صاف و صفائی سے شہر کی ترقی ممکن

مخالفین کے الزامات بے بنیاد، لکشما ریڈی کی سوچھ حیدرآباد مہم
حیدرآباد۔17مئی(سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں ریاستی وزیر صحت مسٹر لکشما ریڈی کی قیادت میں سوچھ حیدرآباد مہم چلائی گئی۔ اس موقع پر وزیرصحت لکشما ریڈی نے کنگ کوٹھی‘ کنگ کوٹھی ہاسپٹل او راطراف واکناف کے علاقوں کا جائزہ لیا او رصفائی مہم میں حصہ لیا۔ متعلقہ بلدی برقی او رآبرسانی عہدیداروں کے علاوہ گوشہ محل ٹی آر ایس قائدین پریم کمار دھوت‘ مہیندر‘ سرسوتی آریہ‘ سمیر یمنی‘ نند بلال ویاس‘واسو دیو رائو اور ٹی آر ایس قائد ین وکارکنوں کی کثیرتعداد بھی اس موقع پر موجودتھی۔ ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی نے پارٹی قائدین‘ کارکنوں کے علاوہ مقامی لوگوں سے سوچھ حیدرآباد مہم کے ذریعہ شہر حیدرآباد کوپاک وصاف بنانے او ررکھنے کا عہد لیا۔ انہوںنے کہاکہ صاف ستھرا معاشرہ نہ صرف بیماریوں سے بچنے میںکامیابی کا راستہ ہے بلکہ ترقی یافتہ شہر ہونے کی بھی ضمانت ہے۔ مسٹر لکشما ریڈی نے ٹی آر ایس پارٹی قائدین او رکارکنوں کو اس بات کا بھی عہد دلایا کہ وہ سوچھ حیدرآباد مہم کے ذریعہ عوام کے گھروں تک جائیںگے اور عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد متعلقہ محکمہ سے اس کی کامیاب نمائندگی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو دو رکرنے کاکام کریں گے۔بعدازاں انہوں نے حکومت تلنگانہ کے سوچھ حیدرآباد مہم کو مخالفین کے بے بنیاد الزامات کا جواب قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ پر بیجا تنقیدیں کرنے والے برسوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجودعوام تک پہنچنے اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے میںناکام رہے ۔ انہوں نے سوچھ حیدرآباد کو عوام اور حکومت کے درمیان میں رابطہ کی کڑی قراردیا۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کی عوام سے حکومت کی فلاحی اسکیمات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر اور عوام کی ترقی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔