نئی دہلی۔22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مرکز اور عام آدمی پارٹی حکومت نے دارالحکومت میں مجالس مقامی کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے تاکہ دہلی کو صاف ستھرا بنانے کیلئے واحد پلیٹ فارم مہیا کیا جائے ۔ یہ تعاون کا حقیقی جذبہ ہے اور وفاقیت کا مرکزی موضوع ہے ۔ مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ’’ سوچھ دہلی ابھیان ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22تا 30نومبر دہلی کو کچرے اور تعمیری ملبے سے صاف شہر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہمیں چاہیئے کہ سیاست کو بالائے طاق رکھ دیں اور متحدہ طور پر کام کریں‘ تاکہ ’’ منی انڈیا ‘‘ دہلی کو صاف ستھرا بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس سلسلہ میں تمام شہری مجالس بلدیہ میں فیصلہ کیاہے کہ دہلی کو گندگی ‘ کوڑاکرکٹ اور دیگر کچرے سے پاک شہر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی ٹیم یا عام آدمی پارٹی کی ٹیم کا نہیں بلکہ ’’ ٹیم انڈیا ‘‘ کا کارنامہ ہوگا ۔
پیرس کے اجلاس میں ’چیلنج‘ قرار دینے پر
وزیرخارجہ امریکہ پر ہندوستان کی تنقید
نئی دہلی ۔22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج وزیرخارجہ امریکہ جان کیری کے تبصرہ پر کہ ہندوستان کو آئندہ دنوں میں پیرس میں مقررماحولیات کے موضوع پر چوٹی کانفرنس میں عظیم چیلنج درپیش ہوگا اور کہا کہ یہ تبصرہ غیر ضروری ہے اور واضح کردیا کہ یہ ہماری عادت نہیں کہ کسی کے بھی دباؤ پر جھک جائیں ۔ جان کیری کے تبصرہ پر تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ اتفاق رائے کا حامی رہاہے اور چاہتا ہے کہ تمام ممالک میں مثبت اتفاق رائے پیدا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے ساتھ شدید ناانصافی ہے کہ اُسے چیلنج درپیش ہونے کی بات کی جارہی ہے ۔ حالانکہ ہندوستان امریکہ کا ایک عظیم دوست اور دفاعی شراکت دار ہے ۔