صابری کے قاتلوں کو بخشا نہیں جائیگا : راحیل شریف

کراچی ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فوجی سربراہ راحیل شریف ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کیلئے کراچی پہنچے جہاں انہوں نے وعدہ کیا کہ مشہور صوفی قوال احمد صابری کے قاتلوں کو ہر حال ڈھونڈھ نکالا جائے گا اور عبرتناک سزائیں دی جائیں گی۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ کراچی شہر سے جرائم کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا۔ وینجرس ہیڈکوارٹرس میں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی قیادت کی جہاں انہوں نے تمام کمانڈرس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ دہشت گردوں اور ان کی امداد کرنے والوں پر مرکوز رکھیں اور کراچی میں اس وقت تک کلین اپ مہم جاری رکھیں جب تک یہاں امن و امان قائم نہ ہوجائے۔ یاد رہیکہ امجد صابری کے قتل کے ایک ہفتہ بعد راحیل شریف نے یہاں کا دورہ کیا۔ ان کا دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب اعلیٰ سطحی ایڈوکیٹ اویس شاہ کا اغواء کیا گیا تھا جو سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے فرزند ہیں، اس موقع پر مرحوم کے ارکان خاندان سے اظہارتعزیت بھی کیا گیا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ یاد رہیکہ امجد صابری پاکستان کے مشہور قوال مرحوم غلام فرید صابری کے فرزند تھے اور خود بھی اعلیٰ درجہ کا کمال رکھتے تھے۔ غلام فرید صابری نے مقبول احمد صابری کے ساتھ اپنی جوڑی بناتے ہوئے 80ء کے دہے میں قوالی کی دنیا میں ہنگامہ مچا دیا تھا جہاں ان کی قوالیاں میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا، سرلامکاں سے طلب ہوئی، تاجدار رسالت مدینے میں ہے اور بھردو جھولی میری یا محمد ؐ قابل ذکر ہیں۔