نئی دہلی 27 جون (پی ٹی آئی) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کڈیم سری ہری نے آج مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی اور ایس سی زمرہ بندی کا عمل تیز کرنے کے لئے اُن سے مداخلت کی خواہش ظاہر کی۔ ریاستی حکومت شیڈول کاسٹس کی زمرہ بندی کرنے کی خواہاں ہے تاکہ تمام طبقات کو تحفظات کے مساوی فوائد حاصل ہوں۔ کیوں کہ اِن طبقات میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ موجودہ سسٹم میں اُن کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا ہے۔ کے سری ہری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو سے دستور کے حقیقی جذبہ کو برقرار رکھنے کے عمل میں تیزی لانے کی خواہش کی ہے۔