نئی دہلی۔ 6 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کی 25 ویں برسی پر شیو سینا نے سال2018 سے پہلے وہاں عظیم الشان رام مندر بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے آج شوریہ دیوس منایا۔شیو سینا کی دہلی یونٹ نے اس موقع پر دارالحکومت کے رفیع مارگ پر وٹھل بھائی پٹیل ہاوس میں واقع پارٹی دفتر سے پارلیمنٹ اسٹریٹ کا مارچ کیا اور مندر کی تعمیر کے لئے نعرے بازی کی۔دہلی یونٹ کے صدر نیرج سیٹھی نے اس موقع پر کہا کہ ان کی پارٹی 2018سے پہلے منہدم بابری مسجد کی جگہ پر ہی رام مندر بنائے گی۔ انہوں نے بی جے پی کو بھی یاد دلایا کہ وہ رام مندر کے نام پر ہی اقتدار میں آئی ہے اس لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو رام للا کو ترپال سے نکال کر ان کا مندر بنوانا چاہئے ۔