سرینگر۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے تجارتی مرکز میں واقع تاریخی گھنٹہ گھر پر ترنگا لہرانے کیلئے آنے والے شیو سینا اور بجرنگ دل کے کارکنوں کو بدھ کی صبح یہاں ریاستی پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ترنگا لہرانے کی غرض سے آنے والے یہ شیو سینا اور بجرنگ دل کے کارکن ٹولیوں کی شکل میں تاریخی لال چوک پہنچے ۔ شیو سینا کے جموں یونٹ نے اعلان کر رکھا تھا کہ پارٹی سے وابستہ کارکن تاریخی لال چوک جاکر وہاں ترنگا لہرائیں گے ۔شیو سینا نے لال چوک میں ترنگا لہرانے کا فیصلہ نیشنل کانفرنس صدر کے بیان کہ ‘پاکستان زیر قبضہ کشمیر پر ہاتھ ڈالنے سے قبل لال چوک میں ترنگا لہراکر دکھاؤ’ کو چیلنج کے طور پر لیتے ہوئے لیا تھا۔شیو سینا کی 9 رکنی ٹیم منگل کی صبح سرمائی دارالحکومت جموں سے روانہ ہوکر شام کے وقت یہاں پہنچی۔