شیوسینا ۔ بی جے پی اور کانگریس ۔ این سی پی اتحاد ختم

مہاراشٹرا میں سیاسی ہلچل
ممبئی۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں طویل مدتی سیاسی اتحاد آج ختم ہوگیا جہاں بی جے پی نے شیوسینا کے ساتھ 25 سالہ روابط منقطع کرلئے، وہیں این سی پی نے بھی اپنی حلیف کانگریس سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ اس طرح 15 اکتوبر کو منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں چار رخی مقابلے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ بی جے پی نے شیوسینا کے ساتھ اتحاد ختم کرنے کا اس وقت اعلان کیا جب نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں بات چیت ناکام ہوگئی کیونکہ شیوسینا اپنے موقف پر قائم رہی۔ اس کے علاوہ پارٹی صدر ادھو ٹھاکرے چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کرنے کے لئے بھی اصرار کررہے ہیں۔ شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے اور بی جے پی قائدین پرمود مہاجن و گوپی ناتھ منڈے نے دونوں جماعتوں کے مابین یہ اتحاد قائم کیا تھا جو مشکل حالات میں بھی برقرار رہا تاہم مجوزہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں نشستوں کی تقسیم پر کئی دور کے مذاکرات کے باوجود کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ اسی طرح این سی پی اور کانگریس بھی یو پی اے کی قدیم ترین حلیف جماعتیں ہیں جنہوں نے 15 سال سے جاری اتحاد کو آج ختم کردیا۔ اس کے علاوہ این سی پی نے حکومت کی تائید سے بھی دستبردار ہوجانے کا فیصلہ کیا ہے۔