ممبئی ۔ 10 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے متضاد اشارے دیتے ہوئے آج مہاراشٹرا اسمبلی میں قائد اپوزیشن کے عہدہ کا دعویٰ کیا۔ دوسری طرف یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ وہ حکومت میں شامل ہونے کیلئے تیار ہے ۔ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو اندرون دو یوم این سی پی کی تائید کے بارے میں موقف واضح کرنے کا الٹی میٹم دیا تھا ۔ آج اسمبلی سکریٹری کو شیوسینا نے مکتوب پیش کرتے ہوئے پارٹی لیڈر ایکناتھ شنڈے کو قائد اپوزیشن کا موقف دینے کی خواہش کی ۔ چند گھنٹوں بعد ادھو ٹھاکرے نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ اس لئے کیا گیا کیونکہ کانگریس اس بنیاد پر قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کرنا چاہتی ہے کہ شیوسینا بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کا حصہ ہے ۔ اگر ایسا ہوجائے تو ہم کہیں کے نہ رہیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس چاہتی ہے کہ شیوسینا کو قائد اپوزیشن کا عہدہ نہ ملے ۔ لیکن ہم اپنے صبر و تحمل کو کمزوری بننے نہیں دیں گے ۔ ہم کسی کو شیوسینا کی طاقت کو کم سمجھنے کا موقع نہیں دیں گے ۔اگر بی جے پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کیلئے صرف بات چیت ہی ہوتی رہے تو ہمارا حال نہ گھر کا نہ گھاٹ کا ہوگا۔