روزہ دار کی توہین ناقابل برداشت، محمد فاروق حسین کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد و رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے شیوسینا کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے مسلم روزہ دار کے منہ میں زبردستی روٹی ٹھونسنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار ارکان پارلیمنٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے کے بعد ہندوتوا طاقتیں مسلمانوں کو ایک منظم سازش کے تحت نشانہ بنارہے ہیں۔ شیوسینا کے ارکان پارلیمنٹ نے ظالمانہ حرکت کرتے ہوئے مسلم روزے دار کے منہ میں زبردستی چپاتی ٹھوسی ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس واقعہ پر سارے ملک میں افسوس کی لہر دوڑ گئی مگر تعجب کی بات ہیکہ مرکزی حکومت اپنے حلیف شیوسینا کے ارکان پارلیمنٹ کو بے قصور قرار دیتے ہوئے انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ اس واقعہ کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کیا۔ وزیراعظم اس معاملے میں لب کشائی سے گریز کررہے ہیں۔ ملک کے دوسرے شہروں بنگلور، ممبئی وغیرہ میں بھی مسلم نوجوانوں پر ہندوتوا طاقتوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔ ثانیہ مرزا کی برانڈ ایمبسیڈر شپ کو متنازعہ بناتے ہوئے سارے مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا جارہا ہے۔ مسٹر فاروق حسین نے مسلم روزے دار کے خلاف غلط برتاؤ کرنے والے شیوسینا کے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔