شیوسینا اور ایم این ایس ورکرس میں ہاتھا پائی

ممبئی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اولڈ کسٹم ہاؤس کے روبرو شیوسینا اور ایم این ایس کے سینکڑوں ورکرس اس وقت ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے جب شیوسینا کے اروند ساونت اور ایم این ایس کے آدتیہ شیروڈکر جنوبی ممبئی کے اس علاقہ میں اپنے پرچہ نامزدگی داخل کرنے آئے تھے۔ اروند ساونت جنوبی ممبئی اور شیروڈکر ممبئی جنوبی سنٹرل سے انتخابی میدان میں ہیں۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کم و بیش 300 ورکرس ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے اور گھونسہ بازی کی۔

انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سنگباری بھی کی اور شیشے کی بوتلیں بھی ایک دوسرے پر پھینکیں۔ اس افراتفری میں مراٹھی نیوز چینل کا ایک کیمرہ مین شدید طور پر زخمی ہوگیا جسے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد دونوں ہی پارٹیوں کے 12 ورکرس کو حراست میں لیا گیا۔ دریں اثناء شیوسینا ایم پی انیل دیسائی نے اس واقعہ کیلئے ایم این ایس کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے تشدد کے اس واقعہ کی مذمت کی اور تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا جبکہ مسٹر ساونت نے تشدد برپا کرنے کو ’’ایم این ایس‘‘ کی منصوبہ بندی قرار دیا ۔