رائے گڑھ(مہاراشٹرا) ۔5جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی نے آج کہاکہ مراٹھا جنگجو چھتراپتی شیواجی مہاراج نے سورت میں لوٹ مار نہیں مچائی بلکہ انہوں نے مقامی عوام کی مدد سے مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے خزانے کو لوٹا تھا ۔ نریندر مودی نے سانگلی میں واقع فاؤنڈیشن شیو پرتستھان کی جانب سے رائے گڑھ قلعہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیواجی مہاراج کے بارے میں یہ کہنا کہ انہوں نے سورت کو لوٹا تھا ‘ مراٹھا جنگجو کی توہین ہوگی ۔ انہوں نے مقامی عوام کی مدد سے اورنگ زیب کا خزانہ لوٹا تھا اور اسے عام آدمی کی بہبود کیلئے استعمال کیا ۔ مودی نے کہا کہ طویل عرصہ سے شیواجی کی مسخ شدہ تصویر پیش کی جارہی ہے ۔انہیں ایک جنگجو کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن شیواجی ایک قابل منتظم تھے جن کا انداز کارکردگی آج بھی کارآمد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی کے اس پہلو کو نظرانداز کیا جاتا ہے ۔ مودی کے اس پروگرام کے موقع پر رائے گڑھ قلعہ میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔
بحری جہاز ایران کی تحویل میں‘ ہندوستان کے حق میں فیصلہ
نئی دہلی۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان کے موقف کی توثیق کرتے ہوئے انٹرنیشنل ریویو پینل نے یہ فیصلہ سنایا ہے کہ کروڈ ٹینکر ایم ٹی دیش شانتی نے جسے گزشتہ سال اگست میں ایران کے حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا، بحری قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی۔ 17 ممالک پر مشتمل بحری گروپ انڈین اوشین میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ نے ہندوستان کی اپیل پر یہ فیصلہ سنایا۔ ایران نے ہندوستان کے اس بحری جہاز کو 26 دن اپنی تحویل میں رکھ لیا تھا۔